کاروار:28؍ مارچ (ایس اؤ نیوز ) دلتوں کی ترقی کے لئے تعمیر کئے جانے والے امبیڈکر بھون کی سنگ بنیاد کے موقع پر کاروار رکن اسمبلی روپالی نائک کی تصویروالے بینر کو چسپاں کئے جانے کو لے کراُس وقت تنازعہ کھڑا ہوگیا جب بلاک کانگریس صدر سمیر نائک نے سنگ بنیاد کی تقریب میں ہی روپالی نائک کو آڑے ہاتھ لیا۔
سمیر نائک نے بینر پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے روپالی نائک سے سوال کیا کہ گذشتہ 23مارچ کو شہرمیں الیکشن کمیشنر کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے کےتحت واضح کیا گیا تھا کہ کسی بھی پارٹی کے بینر کو لگائے جانے کی ممانعت ہے پھر تم نے اپنی تصویر والے بینر کےساتھ سنگ بنیاد کی رسم کیسے ادا کرسکتی ہو؟ سمیر نائک نے کہا کہ یہ انتخابات کے پیشگی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ بعد میں گرام پنچایت کی نائب صدر پوجا نندن مانجریکر، سدھارتھ کملاکر نائک، آنجنیا وڈر، کشور وغیرہ نے بھی بینر لگانے کی مذمت کی ۔ بتایا جارہاہےکہ اس تقریب میں گرام پنچایت ترقیاتی افسر اور سکریٹری موجود نہیں تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ کاروار شہر سے سات آٹھ کلو میٹر دور امبیڈکر بھون تعمیر کرنے پربھی سوال اُٹھائے جارہے ہیں اور دلتوں کی ترقی کے لئے شہر سے دور امبیڈکر بھون تعمیر کئے جانے پر دلت سنگھرش سمیتی نے سخت مخالفت کی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مقامی رکن اسمبلی روپالی نائک نے سمیتی کی مخالفت کی پرواہ نہ کرتےہوئے شہر سے دور مکھیری شدی نیشور کالونی میں امبیڈکر بھون کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔
ذرائع کی مانیں تو کے ڈی اے کی 24گنٹہ زمین پر انڈور گیمس کا اسٹیڈیم تعمیر کرنےکافیصلہ لیاگیا تھا۔ مگر اس جگہ پر اچانک امبیڈکر بھون کی تعمیر کی جارہی ہے جس پردیہی عوام نے بھی مخالفت کی ہے اور سنگ بنیاد کے دوران گاؤں والوں کی مخالفت کئی سارے شکو ک کو جنم دے رہی ہے۔
سمیر نائک کا کہنا ہےکہ متعلقہ زمین شدی نیشور کالونی کے نام سےمعروف ہے۔ کے ڈی اے اس زمین کو اپنی تحویل میں لینےکےبعد وہی اس کامالکانہ حق رکھتےہیں۔ اس کے لئے طئے شدہ رقم کم ہونےکی وجہ سے اضافی رقم کےلئے عدالت میں عرضی لگائی گئی ہے۔ لیکن سوال یہ ہےکہ جس زمین پر کسی اور کا حق ہےاور جہاں امبیڈکر بھون کی کوئی مانگ نہیں تھی وہاں پر امبیڈکر بھون کوتعمیر کرنے کا کیا مقصد ہے ؟